دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا: شامی وزیراعظم
شام کے وزیراعظم وائل الحقی نے ایک بار پھر کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔
دمشق میں ہندوستانی سفیر من موہن بھانوٹ سے بات چیت کرتے ہوئے شام کے وزیراعظم نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک فوجی آپریشن ختم نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم وائل الحلقی نے دہشتگردوں کے مقابلے میں شام کی حمایت کرنے پر برکس گروپ کے موقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ شام اور ہندوستان کے درمیان تعاون کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دمشق اور نئی دھلی اپنے اسٹریٹیجک تعلقات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، اقتصادی تجارتی اور زرعی تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں ۔
شام کے وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت اقتصادی محاصرے اور ظالمانہ جنگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ہندوستان کے ساتھ تجارتی تعاون کو فروغ دینا چاہتی ہے۔
ہندوستان کے سفیر من موہن بھانوٹ نے نئی دھلی اور دمشق کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کی خواہش ظاہرکی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامی حکومت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہندوستان چاہتا ہے کہ بحران شام کو بیرونی مداخلت کے بغیر پرامن بات چیت کے ذریعے حل کر لیا جائے۔