شامی حکومت کے مذاکراتی وفد کی قیادت بشار جعفری کریں گے
شامی حکومت کا مذاکراتی وفد اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب کی قیادت میں جنیوا مذاکرات میں شرکت کرے گا۔
دمشق میں سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ جنیوا تین مذاکرات میں شامی وفد کی قیادت اقوام متحدہ میں مستقل نمائندے بشار جعفری کریں گے۔
شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد ، قانونی ماہرین اور وزارت خارجہ کے بعض دوسرے عہدیدار مذاکراتی عمل میں بشارجعفری کی معاونت کریں گے۔ شامی حکومت کے مخالفین کے دو سترہ رکنی گروہوں کی جنیوا مذاکرات میں شرکت کا اعلان کیا گیا ہے۔ بحران شام کے حل کے لیے جنیوا تین مذاکرات پچیس جنوری کو ہوں گے۔
قبل ازیں شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے کہا تھا کہ مذاکرات میں حصہ لینے کے لیے شامی وفد پوری طرح تیار ہے اور مذاکرات میں کسی بھی قسم تاخیر کی ذمہ داری دوسرے گروہوں پر عائد ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قرار داد نمبر دو ہزار دوسو چون کے ذریعے شامی دھڑوں کے درمیان مذاکرات کو بحران کے حل کا واحد راستہ قرار دیا تھا۔ اس قرار داد میں شامی حکومت اور مخالفین کے درمیان مذاکرات کے آغاز کے لیے جنوری دوہزار سولہ کا وقت مقر ر کیا گیا تھا۔ توقع ہے کہ شامی حکومت اور مخالفین کے درمیان بحران کے سیاسی حل کی جانب پیشرفت کے ساتھ شام میں جنگ بندی عمل میں آجائے گی۔