ایران اور افغانستان کے درمیان ثقافتی تعاون کے فروغ پر تاکید
افغانستان میں اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے "یونیسکو" کے نمائندے نے ایران اور افغانستان کے درمیان ثقافتی تعاون میں فروغ کی درخواست کی ہے-
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں یونیسکو کے نمائندے احمد یاور نے ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے شہر خواف کے تاریخی مقامات کے دورے کے موقع پر کہا ہے کہ ایران اور افغانستان کے درمیان ثقافتی اشتراکات کے استحکام اور اضافے سے علاقے میں اغیار کی ثقافت کے نفوذ کو روکا جا سکتا ہے- افغانستان میں یونیسکو کے نمائندے نے مزید کہا کہ افغانستان کو تاریخی مقامات کی تعمیر نو میں ایران کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہئے-
احمد یاور نے شہر خواف میں تاریخی "مدرسہ غیاثیہ" کی تعمیر نو کرنے والے ایرانی ماہرین کی تعریف کرتے ہوئے ایرانی ماہرین سے افغان کاری گروں کو سکھانے اور ٹریننگ دینے کی خواہش ظاہر کی-
شہر خواف سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع مدرسہ غیاثیہ کو سلطان شاہ رخ تیموری کے وزیر خواجہ غیاث الدین پیر احمد خوافی کے حکم سے آٹھ سو چھیانوے ہجری قمری میں تعمیر کیا گیا تھا اور اسی بنا پر وہ غیاثیہ کے نام سے معروف ہے-