شام کے وزیر دفاع کا حلب کے جنگی علاقوں کا دورہ
شام کے وزیر دفاع نے حلب میں شدید جھڑپوں کے دوران، حلب میں مختلف جنگی علاقوں کا دورہ کیا۔
شام کے الاخباریہ ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اس ملک کے وزیر دفاع فہد جاسم الفریج نے صدر بشار اسد کے حکم پر منگل کے دن حلب کے مختلف جنگی علاقوں کا دورہ کیا۔
شامی وزیر دفاع نے حلب میں فرنٹ لائن پر شامی فوجیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر فہد جاسم الفریج نے تاکید کی کہ شام کی مسلح افواج حلب صوبے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے تک آپریشن جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ شامی فوج کے کمانڈروں نے اس موقع پر جنگی صورتحال کی تفصیلی رپورٹ بھی وزیر دفاع کو پیش کی۔
دریں اثناء خبری ذرائع نے جنوبی حلب میں دہشت گردوں کے سرغنے عبدالقادر نعسانی المعروف ابوعبدالرحمن کی ہلاکت کی خبر بھی دی۔
دوسری جانب الراشدین کے علاقے سے بھی خبر ملی ہے کہ دہشت گرد گروہ جیش المجاہدین کا سرغنہ ابوبکر اور اس گروہ کی فوجی کونسل کا کمانڈر ابو احمد علاء شام کے جنگی طیاروں کے حملے میں زخمی ہوگئے ہیں۔