عراق کے قومی اتحاد کے پراسیس کی حمایت پر تاکید
-
ڈاکٹر علی لاریجانی کے ساتھ عراقی کردستان کی پیٹریاٹک یونین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل برہم صالح کی ملاقات
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق کے قومی اتحاد کے پراسیس کی حمایت کرتا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر علی لاریجانی نے عراقی کردستان کی پیٹریاٹک یونین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل برہم صالح کے ساتھ منگل کے دن تہران میں ملاقات کے دوران کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عراق کی تمام سیاسی طاقتیں موصل سمیت مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی شکست کے عمل میں مدد دیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کےاسپیکر نے اس بات کو بیان کرتے ہوئے کہ تہران عراق کے سیاسی عمل میں تمام جماعتوں کی موثر اور مفید شرکت کی حمایت کرتا ہے کہا کہ عراق کی تازہ صورتحال سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ تمام اقوام سے تعلق رکھنے والے گروہوں کے اتحاد کے ساتھ ہی دہشت گردوں کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے عراق میں قبائلی اختلافات کو ہوا دینے پر مبنی دہشت گردی کے حامیوں کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے تمام شیعہ، سنی اور کرد گروہوں کی ہوشیاری اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی ملت عراق کے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنایا اور خطے میں پائیدار امن قائم کیا جاسکتا ہے۔
عراقی کردستان کی پیٹریاٹک یونین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل برہم صالح نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایران حالیہ برسوں کے دوران کٹھن حالات میں ہمیشہ عراق کی مظلوم قوم کے ساتھ رہا اور عراقی عوام ان دوستانہ جذبات و احساسات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔