شام میں دہشت گردوں کے ذریعے کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال
-
اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے، بشار الجعفری
اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے نے کہا ہے کہ اس ملک میں مغرب کی ایماء پر دہشت گردوں نے کیمیکل مواد اور ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے-
بشار الجعفری نے عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ اور خاص طور پر ان ہتھیاروں کے دہشت گردوں کے ہاتھ لگ جانے سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ دہشت گرد گروہوں نے مغربی ملکوں کی حمایت سے، کہ جن میں سے بعض سلامتی کونسل کے رکن بھی ہیں، شامی شہریوں کے خلاف کیمیکل مواد یا ہتھیاروں کا استعمال کیاہے-
اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے نے کہا کہ ابھی بھی بدستور بعض ممالک اپنے خاص اہداف کے ساتھ مسلح مخالفین اور نام نہاد اعتدال پسندوں کی شام میں ہتھیاروں کے ذریعے مدد کر رہے ہیں-
حال ہی میں شمالی شام کے شہر حلب کے بعض علاقوں سے داعش دہشت گردوں کی پسپائی کے بعد داعش نے کئی علاقوں میں شامی فوج کی پیشقدمی روکنے کے لئے مسٹرڈ گیس کا استعمال کیا کہ جس کے نتیجے میں بیس سے زیادہ افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے-
داعش دہشت گرد گروہ نے صوبہ حلب کے شمال میں واقع مارع شہر کے مختلف علاقوں کو مسٹرڈ گیس کے حامل مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا ہے-
سیرین- امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق داعش دہشت گرد گروہ نے شام میں جھڑپوں کے دوران ایک سو ساٹھ مرتبہ سے زائد کیمیاوی حملے کئے ہیں-