شام: فوج کی کارروائی، تیس دہشت گرد ہلاک اور زخمی
شام کی فوج نے صوبہ قنیطرہ میں متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شام کی فوج کے خصوصی دستوں نے صوبہ قنیطرہ کے جباثا الخشب علاقے میں چھپے ہوئے تقریبا تیس دہشت گردوں کو ہلاک اور زخمی کردیا۔ باخبر ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے زخمی دہشت گردوں کے علاج کے لئے انہیں جولان کے مقبوضہ علاقوں میں منتقل کردیا ہے۔ ادھر شام کے مختلف علاقوں میں جنگ بندی کا سلسلہ جاری رہا جہاں روس کی جانب سے بھیجی گئی امداد صوبہ لاذقیہ کے شہریوں کو فراہم کی گئی۔ یہ امداد دو ٹن کی اشیا پرمشتمل تھی۔ شام میں جنگ بندی کے نگراں روسی ادارے کے اعلان کے مطابق یہ امداد، گیہوں، شکر اور چالیس مختلف قسم کی ادویات پر مشتمل تھی۔ در ایں اثنا، جنوب مغربی شام میں واقع طرطوس بندرگاہ سے امدادی سامان کی حامل پہلی ٹرین صوبہ لاذقیہ کے جبلہ شہر کی جانب روانہ ہوگئی۔ واضح رہے کہ شام میں دہشت گردی نے اس ملک میں انسانی بحران کھڑا کردیا ہے جو گذشتہ پانچ سال سے شامی عوام کو متاثر کئے ہوئے ہے۔