Sep ۰۷, ۲۰۱۵ ۰۸:۵۳ Asia/Tehran
  • مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر علاقے میں قیام امن ناممکن
    مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر علاقے میں قیام امن ناممکن

پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر علاقے میں قیام امن ناممکن ہے-

راولپنڈی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال کر علاقے میں قیام امن ناممکن ہے، سرد جنگ ہو یا گرم جنگ پاکستانی فوج پوری طرح تیار ہے- وہ کل جی ایچ کیو میں یوم دفاع کی خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے- ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہئے-

پاکستان کے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج میں ہر طرح کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہے- ان کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور میں ملوث زیادہ تر دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں-

 جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کا اصل چہرہ بے نقاب کیا، اس کے لئے میں میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں- انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مددگاروں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے-

 جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ کراچی اور بلوچستان میں قیام امن کے سلسلے میں بہت حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے- انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کے بارے میں کہا کہ افغانستان میں امن کے قیام کی مخلصانہ کوششیں کیں لیکن بعض امن کی دشمن طاقتیں افغانستان میں ہماری کوششوں کو نقصان پہنچانے کے لئے کوشاں ہیں-

 جنرل راحیل شریف نے کہا کہ افغانستان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر تشویش ہے- پاکستان چین اقتصادی کوریڈور کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستان، چین اقتصادی کوریڈور نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے اہم ہے اور یہ کہ اس کوریڈور کو مکمل کرنا قومی فریضہ ہے-

ٹیگس