Sep ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۰:۵۹ Asia/Tehran
  • سرحدی کشیدگی کی روک تھام کے لئے پاکستانی اور ہندوستانی حکام کے درمیاں مذاکرات
    سرحدی کشیدگی کی روک تھام کے لئے پاکستانی اور ہندوستانی حکام کے درمیاں مذاکرات

پاکستان اور ہندوستان کے حکام نے سرحدی علاقوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی روک تھام کے لئے ایک نئے ایجنڈے پر اتفاق کرلیا ہے۔

تسنیم خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے فوجی حکام کے درمیاں جمعہ کے دن نئی دہلی میں مذاکرات ہوئے۔ ان مذاکرات کا مقصد دو طرفہ تعلقات میں بہتری اور سرحدی کشیدگی کا خاتمہ بتایا جاتا ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق پاکستانی اور ہندوستانی حکام کے درمیاں سرحدی کشیدگی کی روک تھام کے لئے ایک ایسا نیا ایجنڈہ طے پا گیا ہے جس کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔ اس ایجنڈے کی مزید تفصیلات بیان نہیں کی گئی ہیں۔ ہندوستان کی بارڈر سیکورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرل ڈی کے پتھک نے اس بارے میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے فوجی حکام کے درمیان مذاکرات بہت خوشگوار ماحول میں ہوئے۔
 انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران سرحدی کشیدگی کے علاوہ اسمگلنگ کے موضوع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سرحدی کشیدگی کی سب سے بڑی وجہ مسئلہ کشمیر ہے جس کو ان مذاکرات میں زیر بحث نہیں لایا گیا۔ پاکستانی فوجی حکام کا سولہ رکنی وفد گزشتہ ہفتے بدھ کے روز ہندوستانی بارڈر سیکورٹی فورس کے حکام کے ساتھ مذاکرات کے لئے نئی دہلی پہنچا تھا۔

ٹیگس