سانحہ منی میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد ساٹھ ہوگئی
Oct ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۷:۱۵ Asia/Tehran
سانحہ منی میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد ساٹھ ہوگئی ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے سانحہ منی میں اب تک صرف سترہ پاکستانیوں کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے تاہم اس ملک کے ذرائع ابلاغ ساٹھ افراد کے شہید ہونے کی خبر دے رہے ہیں۔پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے مطابق انتالیس پاکستانیوں کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دوسری جانب سعودی حکام نے سانحہ منی میں صرف چھبیس پاکستانیوں کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔ جبکہ باقی حاجیوں کی شہادت کی تصدیق ان کے اہل خانہ نے کی ہے۔
لاھور ہائی کورٹ نے گزشتہ ہفتے حکومت پاکستان کو حکم دیا تھا کہ وہ سانحہ منی میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی صحیح تعداد کے بارے میں عوام اور میڈیا کو آگاہ کرے۔ پاکستانی وزارت مذہبی امور نے سانحہ منی میں اننچاس پاکستانیوں کے زخمی ہونے کی خـبر دی ہے۔
پاکستانی وزارت مذہبی امور کے مطابق اب تک دوسو بانوے پاکستانی سانحہ منی کے بعد سے سعودی عرب میں لاپتہ ہیں۔
سانحہ منی کے متاثرین کے اہل خانہ نے لاھور ہائی کورٹ میں شکایت درج کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان سانحہ منی کے حوالے سے حقائق کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
سانحہ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد کے بارے میں اختلافات بدستور جاری ہیں اور حکومت پاکستان نے حاجیوں کی واپسی کی کوریج اور سانحہ منی کے بارے میں حاجیوں کے انٹرویوز نشرکرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔