Oct ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۴ Asia/Tehran
  • سانحہ منٰی: 76 پاکستانی حاجی جاں بحق
    سانحہ منٰی: 76 پاکستانی حاجی جاں بحق

پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے سانحہ منٰی میں اپنے ملک کے چھہتر حاجیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے کہ جب ساٹھ لاپتہ پاکستانی حاجیوں کے بارے میں ابھی تک  کوئی اطلاع نہیں ہے- پاکستانی میڈیا کے مطابق سانحہ منٰی میں کم سے کم اڑتالیس پاکستانی زخمی بھی ہوئے ہیں–

پاکستان کی وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ جو ٹیم سعودی عرب روانہ کی گئی ہے اس نے لاپتہ ہوجانےوالے حاجیوں میں سے تین سو چھے حاجیوں کا پتہ لگالیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے پچھلے ہفتے حکومت کو پابند بنایا تھا کہ وہ سانحہ منٰی میں جاں بحق ہونےوالے پاکستانی حاجیوں کی صحیح تعداد سے قوم کو باخبر کرے۔ اس درمیان سانحہ منٰی میں جاں بحق ہونےوالے پاکستانی حاجیوں کی تعداد کے بارے میں متضاد اطلاعات کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب حکومت پاکستان نے میڈیا پر پابندی عائد کردی ہے کہ وہ حج سے واپس لوٹنےوالے حاجیوں سے انٹرویو نہیں لے سکتا اور نہ ہی سانحہ منٰی سے متعلق خبریں نشرکرسکتا ہے جبکہ پاکستانی میڈیا میں سعودی حکومت پرہرطرح کی تنقید پر بھی پابندی لگادی گئی ہے-

دریں اثنا کہا جارہا ہے کہ سانحہ منٰی میں جاں بحق ہونےوالے پاکستانی حاجیوں کو مکے میں ہی دفن کیا جارہا ہے۔ پاکستانی میڈیا نے پیرکو پاکستانی سفارتکاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ سانحہ منٰی میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی حاجیوں کو مکہ میں دفن کیا جائے گا- روزنامہ جنگ نے لکھا ہے کہ اب تک تیس پاکستانی حاجیوں کو مکے میں دفن کیا جاچکا ہے۔

پاکستانی میڈیارپورٹوں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بہت سے حاجیوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سانحہ منی کے بعد ان کا اپنے پیاروں سے نہیں ہوپایا ہے اور ان کی جان کی سلامتی کو لے کر انہیں شدید خدشات لاحق ہیں۔


ٹیگس