Nov ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۰:۳۹ Asia/Tehran
  • پاکستان کے صدر ممنون حسین اور اسلام آباد میں ایران کے سفیر کی ملاقات
    پاکستان کے صدر ممنون حسین اور اسلام آباد میں ایران کے سفیر کی ملاقات

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے ایران کے ساتھ اپنے ملک کے تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے اسلام آباد میں ایران کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک، ایران کے ساتھ مختلف شعبوں خاص طور سے اقتصادی و تجارتی تعلقات اور تعاون کی توسیع کو خاص اہمیت دیتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک، آئندہ تین برسوں میں تجارتی لین دین کی شرح پانچ ارب ڈالر تک پہنچانے کی توانائی رکھتے ہیں۔ پاکستان کے صدر نے ایرانی سفیر کی الوداعی ملاقات میں دونوں پڑوسی اور دوست ملکوں کے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے میں ایران کے سفیر علی رضا حقیقیان کی کوششوں کی قدردانی کی۔ انھوں نے ایک بار پھر ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان طے پانے والے ایٹمی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تہران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے سے ایران و پاکستان کے تجارتی و اقتصادی تعلقات، مزید فروغ پائیں گے۔

صدر پاکستان نے کہا کہ ان کا ملک، توانائی کی اپنی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے گیس پائپ لائن کے منصوبے پر عمل کرنے کا پابند ہے۔ انھوں نے ایران سے بجلی کی مزید خریداری کے لئے اپنے ملک کی دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔ ممنون حسین نے علاقائی مسائل اور علاقے میں امن و استحکام کے قیام میں ایران و پاکستان کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ٹیگس