پاکستانی طالبان کے ایک دھڑے کا سرغنہ خان سید سجنا ہلاک
پاکستانی طالبان کے ایک دھڑے کا سرغنہ خان سید سجنا کی ہلاکت کی خبریں سامنے آرہی ہیں
پاکستانی میڈیا کے مطابق خان سعید عرف سجنا نامی طالبان کا سرغنہ بارہ دہشتگردوں کے ہمراہ افغانستان کے صوبہ خوست میں ہلاک ہوگیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ طالبان کا یہ سرغنہ امریکہ کے ڈرون حملوں میں ہلاک ہوا ہے۔ پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں میں یہ نہیں بتایا گیا کہ طالبان سرغنہ کب مارا گیا-
بتا یا جاتاہے کہ امریکی ڈرون حملہ اس وقت ہوا جب طالبان کے مختلف دھڑوں کے درمیان اختلافات کو دور کرنے کے لئے ایک جرگہ ہو رہا تھا - طالبان کے محسود گروہ نے بھی اس خبر کی تردید نہیں کی ہے واضح رہے کہ خان سید سجنا طالبان کے محسود گروہ کا سربراہ تھا -
دوسری جانب پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ طالبان کے کمانڈر خان سید عرف سجنا کی ہلاکت کے بارے میں حکومت کو کوئی علم نہیں ہے - انہوں نے کہا کہ افغانستان سے پاکستانی شہریوں کی لاشیں منتقل کئے جانے کی میڈیا کی رپورٹیں انہوں نے دیکھی ہیں جن کی حقیقت جاننے کی کوشش کی جاری ہے۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ پاکستان میں سرگرم عمل تکفیری دہشتگرد گروہ لشکر جھنگوی کا ایک سرغنہ پولیس کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوگیا۔
ریڈیو تہران کی پشتوسروس کے مطابق یہ تکفیری سرغنہ صوبہ پنجاب میں ہونے والی جھڑپوں میں ہلاک ہوا ہے۔ اس تکفیری سرغنے کا نام ہارون بھٹی ہے اور یہ اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ لاھور کے ملک پارک میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں ہلاک ہوا ہے۔ ان جھڑپوں میں پولیس کے تین اھلکار زخمی ہوئے ہیں۔