Dec ۱۰, ۲۰۱۵ ۰۹:۴۶ Asia/Tehran
  • راحیل شریف اوراشرف غنی کے درمیان اہم ملاقات
    راحیل شریف اوراشرف غنی کے درمیان اہم ملاقات

انٹیلی جنس شیئرنگ، آپریشنل ہم آہنگی اور مفاہمتی عمل میں مکمل تعاون کا وعدہ

پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور افغانستان کے صدر اشرف غنی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے ۔ ملاقات میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغانستان میں استحکام اور امن کیلئے افغان صدر اشرف غنی کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کیلئے اسلام آباد میں  موجود صدر غنی نے بدھ کو جنرل راحیل سے ملاقات کی۔

ملاقات میں جنرل راحیل نے افغان صدر کو انٹیلی جنس شیئرنگ، آپریشنل ہم آہنگی اور مفاہمتی عمل میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

جنرل راحیل نے کہا ’ہم باہمی مفاد اور احترام کی بنیاد پر افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے مصروف عمل ہیں۔

اس موقع پر اشرف غنی نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دہشت گردی کے مشترکہ خطرے کو ختم کرنے کیلئے مل جل کر کام کرنے کا عہد کیا۔

اشرف غنی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی مسلح افواج کی کامیابیوں کو بھی سراہا۔

یاد رہے اس وقت پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیکوریٹی سمیت کئی موضوعات پر سخت کشیدگی پائی جاتی ہے اور افغانستان کے اکثر حلقے پاکستان کی فوج بالخصوص آئی ایس آئی کو اس کشیدگی کا ذمہ دار ٹھراتے ہیں

ٹیگس