ایران ہمارا دوست اور برادر ملک ہے، پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان کا بیان
پاکستان نے کہا ہے کہ ایران ہمارا دوست اور برادر ملک ہے اور دونوں ممالک بہت سے شعبوں میں اچھا تعاون کر رہے ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ایک صحافی کے اس سوال کے جواب میں کہ پاکستان نے یمن میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کی مذمت کیوں نہیں کی، کہا کہ یمن کے بارے میں پاکستان کی پالیسی مکمل طور پر واضح ہے اور ہم ذرائع ابلاغ کی خبروں پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک اور صحافی کے اس سوال کے جواب میں، کہ کیا پاکستان کے بعض ارکان پارلیمنٹ نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لئے ایک ٹیم بھیجے؟ کسی قسم کی تردید یا تصدیق کئے بغیر کہا کہ ہمیں اس کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ذرائع ابلاغ نے سابق وزیر داخلہ اور موجودہ رکن پارلیمنٹ رحمن ملک کے حوالے سے خبر دی ہے کہ حکومت پاکستان کو چاہیئے کہ وہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے لئے دونوں ملکوں میں ایک پارلیمانی وفد روانہ کرے۔