پاکستان: اقتصادی راہداری منصوبہ، تحفظات دور کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس طلب
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے پاک چین راہداری منصوبے پر آج تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کا اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں بعض جماعتوں کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق راہداری منصوبے پر بعض سیاسی جماعتوں اور چھوٹے صوبوں کی جانب سے تحفظات اور خدشات کے اظہار کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے راہداری منصوبے پر آج تمام پارلیمانی جماعتوں کے قائدین کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اس سلسلے میں پاک چین اقتصادی راہداری پر قائم پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے تاہم منصوبے کی ترجیحات پر سیاسی جماعتوں کے تحفظات ہو سکتے ہیں۔ مشاہد حسین سید کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اس بات پرمتفق ہیں کہ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے ، اس پر کسی کو اعتراض نہیں تاہم اس کی ترجیحات پر اعتراض ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور بعض سیاسی جماعتوں نے اس راہداری منصوبے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس راہداری منصوبے کا رخ مغربی علاقوں سے موڑ کر پنجاب کی طرف کر دیا گیا ہے اور اس منصوبے سے چھوٹے صوبوں اور پسماندہ علاقوں کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ اس لیے اس کا مغربی روٹ بحال کیا جائے اور اس سلسلے میں پائے جانے والے ابہامات اور تحفظات کو دور کیا جائے۔