پاکستان اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا: پاکستانی وزیراعظم نواز شریف
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ان کا ملک اپنی سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
لندن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردوں کو اس بات کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ ہماری سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال کریں۔ پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہندوستان سے ملنے والے شواہد کے مطابق پٹھان کوٹ واقعے کی تفتیش جاری ہے اور پاکستان کی ایک تحقیقاتی ٹیم ہندوستان جائے گی۔
انہوں نے اس جانب کوئی اشارہ نہیں کیا کہ یہ ٹیم کب ہندوستان جائے گی۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنی حکومت کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ پٹھان کوٹ واقعے کے جو بھی حقائق ہیں و ہ سامنے لائے جائیں گے۔ پاکستان کے وزیراعظم نےکہا کہ افغانستان میں موجود کچھ عناصر چارسدہ جیسے حملے کررہے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی افغان حکومت اور افغان فوج کی ذمہ داری ہے۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ ہمارا افغانستان سے معاہدہ ہے کہ اپنی سرزمین کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ اس کے لیے سب کو مل کر کوشش کرنا ہوگی۔
انہوں نے افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان ، افغانستان، امریکہ اور چین پر مشتمل چار فریقی کمیٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کا فیصلہ ہم نے خود کیا ہے اور ہم پر کسی کا کوئی دباؤ نہیں۔