سعودی اتحاد میں شامل ہونے کے معاہدے پر تاحال دستخط نہیں کیے: پاکستان
خارجہ امور میں پاکستانی وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیزنے کہا ہے کہ ان کے ملک نے سعودی اتحاد میں شمولیت کے کسی معاہدے پر تاحال دستخط نہیں کیے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق بدھ کو قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کو سعودی اتحاد میں اپنے کردار کا بھی کوئی علم نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سعودی اتحاد میں شمولیت کے کسی معاہدے پر تاحال دستخط نہیں کیے ہیں۔
سرتاج عزیز نے دعوی کیا کہ چونتیس ملکی سعودی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کا اعلان اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق ہے۔
دوسری جانب حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے سرتاج عزیز کے بیان پر شک کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق سعودی اتحاد میں پاکستان کے کردار سے لاعلمی کے بیان پر شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ اگر حکومت اتحاد کی تفصیلات سے لاعلم ہے تو سعودی عرب فوج کیوں بھیجی گئی۔
پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے سعودی عرب کی مشقوں میں پاکستانی فوج کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان فوجی مشقوں کا سعودی فوجی اتحاد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں سعودی وزیر دفاع نے متعدد اسلامی ممالک کو اُس وقت حیران کردیا تھا، جب کہا کہ اُن کا نام ایک ایسے فوجی اتحاد میں شامل ہے جس کی قیادت سعودی عرب کرے گا اور اس کا ہیڈ کوارٹر ریاض میں قائم کیا جائے گا۔
پاکستان نے شروع میں سعودی اتحاد پر حیرانگی کا اظہار کیا تھا تاہم بعد میں اس اتحاد میں شمولیت کی تصدیق کردی تھی۔