Feb ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۸:۵۷ Asia/Tehran
  • پاکستان اور ہندوستان کے درمیان خارجہ سیکریٹری مذاکرات جلد ہونے چاہئیں: پاکستانی وزارت خارجہ

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان خارجہ سیکریٹری مذاکرات جلد ہونے چاہئیں۔

اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ ہندوستان کے ہائی کمشنر کے بیان کے بعد پاک ہند خارجہ سیکریٹری مذاکرات جلد ہونے چاہئیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد میں ہندوستان کے ہائی کمشنر نے تسلیم کیا ہے کہ ہند پاک مذاکرات پٹھان کوٹ واقعے سے مشروط نہیں ہیں، ان کے بیان کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سیکریٹری خارجہ مذاکرات اب جلد ہونے چاہئیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کشمیریوں نے افضل گرو کی سزائے موت کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔

نفیس زکریا نے مزید کہا کہ سعودی اتحاد میں شمولیت اور کردار کا تعین تکنیکی تفصیلات آنے کے بعد کیا جائے گا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ شام کے بارے میں پاکستان کا اصولی موقف یہ ہے کہ اس ملک کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کا احترام کیا جائے-

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کئے جانے پر زور دیتاہے -

پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ میں پاکستان کے اندر داعش کے اثر و رسوخ کے بارے میں کہا کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں ہے -

انہوں نے روسی صدر کے مجوزہ دورہ پاکستان کے بارے میں کہا کہ ابھی اس دورے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے -

انہوں نے افغانستان کے امن مذاکرات کے بارے میں بھی کہا کہ طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کےلئےکوششیں جاری ہیں -

جبکہ افغانستان سے متعلق چار فریقی مذاکرات منگل کو کابل میں ہوں گے۔

ٹیگس