پاکستان: طالبان نے اسکول کو دھماکے سے اڑا دیا
پاکستانی طالبان نےملک کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ایک نو تعمیر شدہ سرکاری اسکول کو دھماکے سے تباہ کردیا ہے۔
جنوبی وزیرستان کے پولیٹیکل حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جمعے کی رات تحصیل تیارزہ میں ایک سرکاری اسکول کے لڑکیوں کے حصے کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جس سے اسکول کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔
کہا جارہا ہے کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق طالبان کے سجنا گروپ نے اسکول کو دھماکے سےتباہ کرنے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
اعظم طارق نامی طالبان کے ترجمان نے دھمکی دی ہے کہ اسکولوں اور سرکاری اداروں پر حملے آئندہ بھی جاری رہیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ماہ بھی ضلع چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں بیس سے زائد افراد مارے گئے تھے۔
قبل ازیں سولہ دسمبر دوہزار چودہ کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر طالبان دہشت گردوں کے حملے میں ایک سو چوالیس بچوں سمیت ڈیڑھ سو افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔