Feb ۲۰, ۲۰۱۶ ۲۱:۰۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: عدالت نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

اسلام آباد کی ایک عدالت نے لال مسجد معاملے میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت کے جج پرویز القادر نے لال مسجد مقدمے میں سابق صدر کی حاضری سے استثنا کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کر دیئے ہیں- ہفتے کو سماعت کے بعد لال مسجد کے وکیل طارق اسد نے کہا کہ پرویز مشرف کو آئندہ سماعت میں حاضر ہونا پڑے گا - انہوں نے کہا کہ عدالت نے سابق صدر کی حاضری سے استثنا کی درخواست تو مسترد کردی مگر ہمارے تحفظات برقرار ہیں- ان کا کہنا تھا کہ فوجداری مقدمات میں اتنی لمبی تاریخیں دینے کا مطلب یہ ہے کہ پردے کے پیچھے کچھ نہ کچھ ضرور ہے - البتہ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت کے موقع پر پرویز مشرف کو عدالت میں پیش ہونا پڑے گا – یاد رہے کہ دو ہزار سات میں جنرل مشرف کے دور حکومت میں اسلام آباد میں لال مسجد اور اس سے ملحقہ جامعہ حفصہ میں سیکورٹی فورس کے آپریشن کے نتیجے میں لال مسجد کے نائب خطیب عبدالرشید غازی سمیت ایک سو افراد مارے گئے تھے - مشرف حکومت کا موقف تھا کہ لال مسجد میں شدت پسندوں نے پناہ لے رکھی ہے جو حکومتی قوانین کی عملداری کو قبول نہیں کرتے - اس واقعے کے بعد پرویز مشرف کے خلاف عدالت میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا -

 

ٹیگس