پاکستان کو ایف سولہ طیارے فروخت کرنے پر امریکہ کی تاکید
امریکی کانگریس کی مخالفت کے باوجود اس ملک کی وزارت خارجہ نے ایف سولہ جنگی طیارے پاکستان کو فروخت کرنے پر زور دیا ہے۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیلنا وائٹ نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکی حکومت بدستور پاکستان کو ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کی حمایت کرتی ہے، کہا کہ ان طیاروں کی فروخت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی طاقت و صلاحیت میں اضافہ ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو جو ہتھیار فراہم کیے ہیں پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کا بخوبی استعمال کیا ہے اور پاکستان کو ایف سولہ جنگی طیاروں کی فروخت سے افغانستان میں بھی امن و امان کی صورت حال بہتر ہو گی۔
جبکہ امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے سربراہ باب کروکر نے حال ہی میں امریکی کانگریس کی جانب سے پاکستان کو ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کی مخالفت کے بعد، وزیر خارجہ جان کیری سے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار مبہم ہے اور ابھی تک یہ ملک حقانی گروپ کی حمایت کرتا ہے اور القاعدہ کے لیے ایک محفوظ ٹھکانہ ہے۔