Mar ۰۴, ۲۰۱۶ ۰۸:۴۴ Asia/Tehran
  • پاکستان یکطرفہ طور پر اپنے ایٹمی ہتھیاروں میں کمی نہیں کرے گا: سرتاج عزیز

پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اسلام آباد اپنے ایٹمی ہتھیاروں میں یکطرفہ طور پر کمی نہیں کرے گا۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سرتاج عزیز نے جمعرات کے دن امریکی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہندوستان چونکہ اپنی ایٹمی صلاحیت بڑھانے کے درپے ہے اس لئے پاکستان بھی جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لئے اپنے ایٹمی ہتھیاروں میں اضافہ کرے گا البتہ وہ خطے میں کشیدگی میں کمی لانے کے مقصد سے ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لئے تیار ہے۔

سرتاج عزیز نے، امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے ان بیانات کے رد عمل میں جن میں انہوں نے کہا تھاکہ پاکستان کو اپنے ایٹمی ہتھیاروں میں کمی لانی چاہئے، کہا کہ پاکستان اپنے ایٹمی ہتھیاروں میں ہرگز کمی نہیں کرے گا اور اس نے ایٹمی ہتھیاروں کے تحفظ کے سلسلے میں قابل ملاحظہ کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

سرتاج عزیز کا مزید کہنا تھا کہ رواں مہینے کے دوران بین الاقوامی ایٹمی کانفرنس کے موقع پر پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے اعظم واشنگٹن میں آپس میں ملاقات اور اس سلسلےمیں تبادلۂ خیال کریں گے۔

ٹیگس