پاکستان: سیاسی و عسکری قیادت کا عزم، ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے
پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں پیر کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعلان کیا ہے۔
پاکستانی وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان، قومی سلامتی کے امور کے مشیر ناصر جنجوعہ اور کئی دیگر وزرا اور فوجی عہدیدار شریک تھے۔ اجلاس میں ملک اور خطے کی سیکورٹی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا-
اجلاس میں شریک اعلی سیاسی اور فوجی عہدیداروں نے ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا- وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے- انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے-
واضح رہے کہ پیر کو ضلع چارسدہ کی تحصیل شبقدر کی کچہری میں ہونے والے خود کش دھماکے میں دسیوں افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے تھے- اس حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے الگ ہونے والے گروپ جماعت الاحرار نے قبول کی تھی۔