پاکستان کے صوبۂ پنجاب کے سابق گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر بازیاب
پاکستانی سیکورٹی فورسز نے صوبۂ پنجاب کے سابق گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو بازیاب کرا لیا ہے۔
فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کچلاک میں کارروائی کر کے پاکستان کے صوبۂ پنجاب کے سابق گورنر کے بیٹے شہباز تاثیر کو ساڑھے چار برس بعد بازیاب کرا لیا ہے۔ شہباز تاثیر کو چھبیس اگست دو ہزار گیارہ کو اغوا کیا گیا تھا۔ شہباز تاثیر گلبرگ کے علاقے حسین چوک کے قریب اپنے دفتر جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل اور گاڑی میں سوار نامعلوم مسلح افراد نے انھیں گن پوائنٹ پر روکا اور اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ اغواکاروں نے سلمان تاثیر کی رہائی کے لئے پچاس کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔
ترجمان بلوچستان حکومت انوارالحق کاکڑ نے شہباز تاثیر کی بازیابی کو حساس اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز تاثیر کی صحت ٹھیک ہے اور انھیں بحفاظت لاہور منتقل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں اور ان کے خاندان کو بھی اطلاع دی گئی ہے۔ اس وقت وہ سیکیورٹی فورسز کی تحویل میں ہیں۔