ایم کیو ایم بحران: وسیم آفتاب اور افتخار عالم بھی مصطفی کمال گروپ سے جا ملے
پاکستان میں متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رکن رابطہ کمیٹی وسیم آفتاب اور ایم پی اے افتخار عالم بھی ایم کیوایم چھوڑ کر مصطفے کمال کے ساتھ جا ملے ہیں۔
ایم کیوایم کے یہ دونوں سابق رہنما جب مصطفی کمال کے گروپ میں شامل ہونے کے لئے ڈیفنس میں ان کے گھر پہنچے تو مصطفی کمال اور ان کے دیگر ساتھیوں نے ان دونوں کا گرمجوشی سے استقبال کیا -اس موقع پر ایم کیو ایم سے علیحدہ ہونے والے وسیم آفتاب نے جذباتی انداز میں کہا کہ ہم ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد کے لئے ایم کیو ایم میں شامل ہوئے تھے اور اعلی عہدے پر بھی پہنچ گئے لیکن بتدریج یہ معلوم ہوا کہ ہم دلدل میں پھنس گئے ہیں- انہوں نے ایم کیوایم کی قیادت اور پالیسیوں پر کھل کر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ یزید وقت کے سامنے کھڑا ہونا بہت مشکل اور کٹھن ہوتا ہے لیکن ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے اور کبھی نہ کبھی یہ وقت آنا ہی تھا اور کسی کو تو یزید وقت کے سامنے کھڑا ہونا ہی تھا اور آج ہم اسی سوچ کے ساتھ یہاں کھڑے ہیں-
انہوں نے کہا کہ ہم یہ سوچ کر یہاں آئے ہیں کہ اب شہر میں خونریزی کو روکا جائے- اس سے پہلے مصطفے کمال، انیس قائم خانی اور ڈاکٹر صغیر بھی ایم کیو ایم کی قیادت سے بغاوت کر کے اس تحریک سے علیحدگی کا اعلان کر چکے ہیں-
ایم کیو ایم کے رہنماؤں نے مصطفے کمال اور ان کے ساتھیوں کے اقدام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لوگ دوسروں کے اشارے پر ایسا کر رہے ہیں اور دیکھنا یہ ہے کہ کب تک دوسروں کے اشارے پر ایسا کرتے رہیں گے- مصطفے کمال ماضی میں کراچی کے ناظم اور سینیٹر بھی رہ چکے ہیں۔