Mar ۱۴, ۲۰۱۶ ۱۸:۴۷ Asia/Tehran
  • رضا ہاروں نے بھی ایم کیو ایم چھوڑ دی

متحدہ قومی موومنٹ کے ا یک اور رہنما رضا ہارون نے بھی پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔

کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پر ویسے ہی الزامات لگائے جیسے کراچی کے سابق سٹی ناظم مصطفی کمال نے لگائے تھے۔

رضا ہارون نے کہا کہ یہ وہ ایم کیو ایم نہیں جس کو ہم نے بنایا تھا۔

رضا ہارون ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی اور رابطہ کمیٹی کے رکن بھی رہے ہیں۔ تاہم وہ کافی عرصے سے سیاسی معاملات سے کنارہ کش ہو گئے تھے۔

رضاہارون کی پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کرنے والے مصطفی کمال، ڈاکٹر صغیر احمد اور انیس قائم خانی بھی موجود تھے۔

ادھر اطلاعات ہیں کہ ایم کیو ایم کے کئی اہم رہنما اچانک بیرون ممالک کے لئے روانہ ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کی سینیٹر خوش بخت شجاعت، سندھ اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر فیصل سبزواری اور ممبر صوبائی اسمبلی ارتضیٰ فاروقی امریکا کے دورے پر روانہ ہو گئے۔

ایم کیو ایم کے ممبر قومی اسمبلی حیدر عباس رضوی کینیڈا کے دورے پر روانہ ہو گئے جبکہ سندھ اسمبلی میں اپوریشن رہنما خواجہ اظہار الحسن دبئی چلے گئے ہیں۔

ٹیگس