پاکستان میں بارشوں سے تباہی، بیس افراد جاں بحق
Apr ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۵ Asia/Tehran
شمال مغربی پاکستان میں شدید بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث متعدد مقامات پر راستے بند ہو گئے۔
شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں کم سے کم بیس افراد کے جاں بحق اور متعدد دیگر کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔
کہا جارہا ہے کہ سب سے زیادہ تباہی مالاکنڈ ڈویژن میں ہوئی جہاں گھروں کے مہندم ہونے اور مٹی کے تودے گرنے کے متعدد واقعات پیش آئے۔
سوات کی تحصیل کبل میں سیلابی ریلا نواحی علاقوں میں داخل ہو گیا۔
استور اور ہنزہ میں بارش اور برفباری کی وجہ سے متعدد رابطہ سڑکیں بھی بند ہو گئیں۔
کوہستان میں موسلادھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم کئی مقامات پر بند ہے۔