خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے، پاکستان
حکومت پاکستان نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان کی خفیہ ایجنسی کی مداخلت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائے گی۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق یہ فیصلہ اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں ہونے والے کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیر اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں قومی سلامتی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر غور اور ہندوستان کی خفیہ ایجنسی را سمیت غیر ملکی ایجنسیوں کی سرگرمیوں کے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے گزشتہ ماہ بلوچستان سے ہندوستانی جاسوس کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا تھا۔
پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے بدھ کے روز بلوچستان کے ضلع قلعہ عبد اللہ سے افغان انٹیلی جینس کے ایک عہدیدار کو بھی گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔
پاکستان کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں تواتر کے ساتھ یہ دعویٰ کرتی رہی ہیں کہ بلوچستان میں جاری بدامنی کے پیچھے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی را کا ہاتھ ہے۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے گزشتہ سال دعویٰ کیا تھا کہ را اور افغانستان کی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی این ڈی ایس بلوچستان کی کالعدم تنظیموں کو فنڈز فراہم اور انھیں ٹریننگ دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت ہندوستان اور حکومت افغانستان دونوں ہی پاکستان میں اپنے خفیہ اداروں کی مداخلت کی تردید کرتی ہیں۔