طالبان نے ڈی ایس پی پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی
پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) ہلاک ، جبکہ ان کے 2 محافظ زخمی ہوگئے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق منگل کی صبح ڈی ایس پی محمد الیاس شانگلہ سے ایک مقدمے کی سماعت میں پیش ہونے کے لیے ضلع کچہری سوات جارہے تھے کہ مینگورہ میں پیپلز چوک کے قریب نامعلوم افراد ان کی گاڑی پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ ڈی ایس پی اور ان کے محافظوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، لیکن اس سے قبل ہی محمد الیاس دم توڑ چکے تھے۔ ان کے دو زخمی محافظوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے حملہ آوروں کے بارے میں فوری طور پر کسی بھی قسم کی معلومات میڈیا کو فراہم نہیں کی ہیں، تاہم پاکستانی طالبا ن نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق ٹی ٹی پی کے ترجمان محمد خراسانی کی جانب سے میڈیا کو ارسال کے گئے ای میل میں حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔