نوازشریف لندن کے لئے روانہ ہوگئے
پاکستان کےوزیراعظم نوازشریف نجی دورے پر لندن روانہ ہوگئے ہیں
وزیراعظم پاکستان نوازشریف کے لندن کے نجی دورے پر روانگی کے ساتھ ہی قیاس آرائیاں بھی شروع ہوگئی ہیں - اس درمیان وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کسی سے ملنے نہیں بلکہ علاج کے لئے لندن گئے ہیں -
چودھری نثارعلی خان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیراعظم کو جو بھی بیماری ہو وہ کسی کو نہیں بتاتے لیکن وہ علاج کے لئے ہی لندن گئے ہیں - انہوں نے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں تند لہجے میں کہا کہ پانامالیکس کامعاملہ وزیراعظم کے بیٹوں کا ہے اور جواب بھی وہی دیں گے-
نوازشریف نے لاہور سے لندن روانگی سے قبل لاہورائیرپورٹ پر ایک اہم اجلاس بھی کیا جس میں کابینہ کے بعض اہم وزرا موجود تھے -
حکمراں مسلم لیگ کے حلقے اگرچہ اس بات سے انکار کررہے ہیں کہ لندن میں نوازشریف کی ملاقات سابق صدر آصف زرداری سے ہوسکتی ہے لیکن بہت سے حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک اور لندن پلان پر دونوں لیڈروں کے مابین بات چیت ہوسکتی ہے - وزیراعظم نوازشریف کے دورہ لندن کے پیش نظر وزیرخزانہ اسحق ڈار کا دورہ امریکا ملتوی کردیا گیا ہے ۔ نوازشریف کی غیر موجودگی میں ملک کے اہم معاملات کی وہی دیکھ بھال کریں گے -