Apr ۲۲, ۲۰۱۶ ۱۵:۰۰ Asia/Tehran
  • شہباز شریف کا ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر زور

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے جمعرات کے روز پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے لاہور میں ملاقات کے دوران کہا کہ دونوں ملکوں کو تمام شعبوں خاص طور پر اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں باہمی تعلقات کو فروغ دینا چاہیے۔

انھوں نے یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ پابندیاں ختم ہونے سے دنیا کے ساتھ ایران کے تعاون کا راستہ ہموار ہو گیا ہے، کہا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کا خیرمقدم کرتا ہے۔ شہباز شریف نے دو دوست اور ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے ایران اور پاکستان کے درمیان سیکورٹی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ ایران پاکستان کی سلامتی کے خلاف کسی بھی قسم کے اقدام کی اجازت نہیں دے گا اور یہ ممکن نہیں ہے کہ ایران کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو۔ انھوں نے دہشت گردی کو ایران اور پاکستان کا مشترکہ دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مشترکہ اقدامات کیے جائیں۔

پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے بھی اس ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ دینے کے راستے میں کسی طرح کی رکاوٹ نہیں ہے اور ضروری ہے کہ گیس پائپ لائن سمیت دونوں ملکوں کے درمیان نامکمل منصوبوں کو مکمل کیا جائے۔ مہدی ہنر دوست نے ایران کی جانب سے پاکستان کو بجلی کی برآمد میں اضافے کے لیے آمادگی کا اعلان کیا اور کہا کہ ایران پاکستان کو تین ہزار میگاواٹ تک بجلی فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران نے مختلف مواقع پر پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی اور سچائی کو ثابت کیا ہے اور پاکستان کی سلامتی ایران کی سلامتی اور ایران کی سلامتی پاکستان کی سلامتی ہے۔

ٹیگس