May ۰۳, ۲۰۱۶ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
  • امریکہ نے ایف سولہ طیارے نہ دیئے تو کہیں اور سے حاصل کریں گے: پاکستان

پاکستان کے وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اگر امریکہ نے ایف سولہ کی خریداری کے لیے فنڈز فراہم نہ کیے تو پاکستان اپنی ضرورت کے جیٹ طیارے کہیں اور سے حاصل کرے گا۔

منگل کے روز اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کے لئے امریکی کانگریس سے فنانس کا معاملہ درپیش ہے اور اگر فنڈز فراہم نہ ہوئے تو پاکستان کہیں اور سے جیٹ طیارے حاصل کرے گا، تاہم انہوں نے اس جانب کوئی اشارہ نہیں کیا کہ پاکستان یہ طیارے کہاں سے حاصل کرے گا۔

حکومت امریکہ نے اس سے قبل پاکستان کو، آٹھ ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کی توثیق کردی تھی۔ منصوبے کے مطابق سات سو ملین ڈالر کے اس سودے میں پاکستان کو صرف دو سو سترملین ڈالرادا کرنا تھے اور باقی رقم کی فراہمی کے لیے حکومت امریکہ نے کانگریس سے درخواست کی تھی تاہم امریکی کانگریس کے بعض ارکان نے اوباما انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فراہمی کے لیے چار سوتیس ملین کے فنڈز دینے کی درخواست کی مخالفت کردی ۔

پاکستان کے مشیر خارجہ نے ہندوستان کی دفاعی طاقت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال کو اگر کنٹرول نہ کیا گیا تو پاکستان بھی اپنی اسٹریٹیجک طاقت میں اضافے پر مجبور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنا چاہیے جس سے جنوبی ایشیا میں اسٹریٹیجک توازن بگڑنے کا خطرہ ہو۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیردفاع نے بدھ کے روز کہا تھا کہ روس کے ساتھ ایس فور ہنڈریڈ ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم کی خریداری کا معاہدہ طے پاگیا ہے اور توقع ہے کہ یہ سسٹم جلد ہندوستان کو مل جائے گا۔

پاکستان کے مشیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کا معاملہ پاک و ہند جامع مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہے تاہم دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت کے لیے کوئی تاریخ طے نہیں ہوسکی ہے۔

ٹیگس