پاکستان طالبان کو کنٹرول نہیں کر رہا، سرتاج عزیز
پاکستان کے وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہاہے کہ پاکستان طالبان کو کنٹرول نہیں کر رہا۔
اسلام آباد میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کے پانچویں دور کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ کچھ ممالک یہ تاثر دے رہے ہیں کہ جیسے پاکستان افغان طالبان کو مکمل طور پر کنٹرول کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کی باتوں سے پاکستان کے حوالے سے غیر حقیقی توقعات بنالی جاتی ہیں۔
امریکا اور افغانستان، کافی عرصے سے پاکستان پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ طالبان کو جنگ ختم کرکے مذاکرات کی میز پر لانے میں اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں۔
امریکہ اور افغانستان ، پاکستان سے حقانی گروپ کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں جس کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ اس کی جڑیں پاکستان میں ہیں۔
پاکستان کے مشیر خارجہ نے مزید کہا کہ طالبان نے ابھی تک مذاکرات کا مثبت جواب نہیں دیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ افغان طالبان نے افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان سے قبل امریکا سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں جسے امریکا نے مسترد کردیا ہے۔