پاکستان کی نیوکلیئر سپلائر گروپ میں شمولیت کی درخواست
پاکستان نے نیوکلیئر سپلائرز گروپ این ایس جی میں شمولیت کے لیے باضابطہ درخواست دے دی۔
نیوز ایجنسی رائٹرز کے مطابق این ایس جی میں رکنیت کی درخواست ویانا میں پاکستان کے سفیر کی جانب سے آئی اے ای اے میں جمع کرادی گئی ہے۔ رپورٹ میں پاکستان کے دفتر خارجہ کے جاری کردہ اعلامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیاہے کہ پاکستان کے پاس این ایس جی میں شمولیت کے لیے لازمی مہارت، افرادی قوت اور بنیادی ڈھانچہ موجود ہے۔
پاکستانی میڈیا میں جاری ہونے والی خبروں میں پاکستان کے دفتر خارجہ کےترجمان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان کو رکنیت دی گئی تو وہ گروپ کے تمام مقاصد کی پاسداری کرے گا۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ این ایس جی کو رکنیت کیلئے پاکستان کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کرنا چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان پہلے ہی نیوکلیئر سپلائر گروپ میں اپنی شمولیت کی باضابطہ درخواست دے چکا ہے اور اس کی رکنیت کے لیے اقدامات بھی انجام دیئے جارہے ہیں۔
ہندوستان اور پاکستان دونوں نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر دستخط نہیں کیے ہیں تاہم مبصرین کا خیال ہے کہ ہندوستان کو گروپ میں شامل کرنے کی صورت میں چین پاکستان کو بھی شامل کرنے کی شرط رکھ سکتا ہے۔