ہندوستان: سنبھل میں شاہی جامع مسجد کے سروے کے دوران پولیس کے ذریعے کی گئی فائرنگ میں تین نوجوان جاں بحق
اترپردیش کے ضلع سنبھل میں مسجد کے سروے کے دوران پیش آئے تشدد کے واقعات میں پولیس کے ذریعے کی گئی فائرنگ میں تین نوجوانوں کی موت ہو گئی ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: موصولہ اطلاعات کے مطابق، ہندوستان کے سب سے بڑے صوبے اترپردیش کے سنبھل ضلع میں شاہی جامع مسجد کے سروے کے دوران ہوئے تشدد کے واقعات میں اب تک تین نو جوانوں کے جاں بحق ہونے کی خبر ہے۔ پولیس کی گولی سے مارے گئے نوجوانوں کی شناخت نعیم، بلال اور نوید کے طور پر کی گئی ہے۔
مرادآباد کے ڈویژنل کمشنر نے مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 20 سے 22 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جن میں سنبھل کے سی او، ایس پی کے پی آر او اور ایک ایس ڈی ایم شامل ہیں۔ دیگر افراد چاقو سے زخمی ہوئے ہیں۔ اس واقعے کے بعد 15 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
اس سے پہلے یوپی کے ڈی جی پی پرشانت کمار نے کہا کہ سنبھل میں سروے عدالت کے حکم پر کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ بعض "سماج دشمن عناصر” کی طرف سے پتھر پھینکے گئے تھے اور پولیس اور سینئر افسران موقع پر موجود تھے تاکہ حالات کو قابو میں کیا جا سکے۔
پولیس کے مطابق، اتوار کی صبح شاہی جامع مسجد میں سروے کے دوران، جہاں پولیس کی بھاری تعداد تعینات تھی، کچھ "سماج دشمن عناصر” کی طرف سے پتھراؤ کیا گیا۔ یہ سروے ایک قانونی عمل کا حصہ تھا جس کی درخواست سینئر وکیل وشنو شنکر جین نے دائر کی تھی۔ جن کا دعویٰ تھا کہ یہ مسجد اصل میں ایک مندر تھی۔ اس سے پہلے 19 نومبر کو بھی اسی طرح کا ایک سروے کیا گیا تھا، جس میں مقامی پولیس اور مسجد کے انتظامی کمیٹی کے اراکین موجود تھے۔