عمران خان اور طاھر القادری کے وارنٹ گرفتاری جاری
پاکستان کی انسداد دہشتگردی عدالت نے اسلام آباد دھرنے کے دوران ایس ایس پی عصمت جونیجو پر تشدد سے متعلق مقدمے میں عمران خان اور علامہ طاہر القادری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ، دوہزار چودہ میں اسلام آباد دھرنے کے دوران مشتعل افراد کی جانب سے ایس ایس پی آپریشنز عصمت جونیجو پر تشدد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ملزمان کی عدم پیشی پرعدالت نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری سمیت تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج سہیل اکرام نے دونوں رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور ڈی ایس پی ادریس راٹھورکو خود وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرانے کا حکم دیا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری سمیت دونوں جماعتوں کے سیکڑوں رہنماؤں اورکارکنوں پردفعہ ایک سو چوالیس کی خلاف ورزی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے تحت بھی مقدمات درج ہیں۔