پنجاب پاکستان میں متعدد دہشت گرد ہلاک
پاکستان کے سکیورٹی حکام نے صوبہ پنجاب میں متعدد دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی خبر دی ہے-
پاکستان سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سی ٹی ڈی ملتان نے خفیہ معلومات پر لیہ کی تحصیل چوبارہ کے علاقے انگورہ گوٹ فارم میں کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جب کہ دو دہشتگرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق سی ٹی ڈی ملتان نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر لیہ کی تحصیل چوبارہ کے علاقے انگورہ گوٹ فارم میں کارروائی کی- سی ٹی ڈی اہلکاروں کو دیکھ کر وہاں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس پر سی ٹی ڈی اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں چھ دہشت گرد ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ ان کے قبضے سے خودکار اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔ لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ منتقل کردیا گیا ہے جب کہ فرار ہونے والوں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے موسیٰ کالونی میں رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے پانچ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ کارروائی کے دوران دو گھروں سے پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ زیر حراست افراد کو تفتیش کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے