مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال جاری رکھنے پر تاکید
پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بھوک ہڑتال پر بیٹھے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نےکہا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوجاتے تب تک وہ بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔
اسلام آباد میں بھوک ہڑتالی کیمپ میں سحرعالمی نیٹ ورک سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ملک میں جاری دہشت گردانہ کارروائیوں اور بدامنی کے واقعات پر حکومت کی بے حسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قانون کی عملداری ختم ہوچکی ہے اور پاکستان کو انتہا پسندانہ نظریات رکھنے والے ملک میں تبدیل کرنے کوشش کی جا رہی ہے-
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آج ملک میں ہر طرف بد امنی ہے، تکفیریت ہے ، قتل وغارت گری کا دور دورہ ہے اور چن چن کرلوگوں خاص طورپر شیعہ شخصیات کو شہید کیا جا رہا ہے- انہوں نے کہا نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں عزاداری پر پابندی عائد کرنے کی کوشش جارہی ہے اور عزاداروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے -
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے کہا کہ اس قسم کے مظالم کے مقابلے میں خاموش رہنا گناہ کبیرہ ہے اس لئے ہم احتجاج کر رہے ہیں اور جب تک مطالبات پورے نہیں ہوجاتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا - ان کا کہنا تھا کہ ہم آخری دم تک یہاں بیٹھے رہیں گے اور ہمارے بعد ہمارے دیگر ساتھی اس احتجاج کو جاری رکھیں گے -
انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں ہمارے احتجاج کے اغراض و مقاصد سے لوگ باخبر ہو رہے ہیں اور احتجاج کا یہ سلسلہ چلتا رہے گا -