Dec ۰۴, ۲۰۲۵ ۱۹:۲۳ Asia/Tehran
  • ایران و چین کے عہدہ داروں میں ملاقات ، سہند مشترکہ مشقوں پر تبادلہ خیال

شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس کے امور میں وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل نے انسداد دہشت گردی کی مشترکہ مشقوں سہند دوہزار پچیس کے انعقاد کو دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کے مشترکہ عزم کی واضح علامت قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: سہند دوہزار پچیس فوجی مشقوں میں شرکت کے لیے تہران کا سفر کرنے والی شنگھائی تعاون تنظیم کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پیاؤ یانگفان نے بدھ کے روز شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس کے امور میں وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل مہرداد کیائی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں جاری انسداد دہشت گردی کی مشترکہ مشقوں سہند دوہزار پچیس سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس ملاقات میں شنگھائی تعاون تنظیم کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پیاؤ یانگفان نے اپنے دورہ ایران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کے اغراض و مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کے قابل قدر اقدامات، تجاویز اور مختلف پروگراموں کی میزبانی کو سراہا
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف، کردار اور تجربات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم کی مشقوں کے انعقاد کو تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تجربات کے تبادلے کا مناسب پلیٹ فارم قرار دیا۔
اس ملاقات میں شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس کے امور میں وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل نے انسداد دہشت گردی کی مشترکہ مشق سہند دوہزار پچیس کے انعقاد کو دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کے مشترکہ عزم کی واضح علامت قرار دیا۔
مہرداد کیائی نے خطے کے امن و استحکام کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک اور دیگر علاقائی تنظیموں کے درمیان ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سہنددوہزار پچیس انسداد دہشت گردی مشترکہ فوجی مشقوں کے دوران ایران، بیلاروس اور ازبکستان کی ٹیکٹیکل ٹیمیں مشترکہ کارروائیاں انجام دے رہی ہیں۔
سہند دو ہزار پچیس مشقوں کے کمانڈر، جنرل نوشاد آبداری نے بتایا ہے کہ یہ مشقیں مشترکہ فوجی کارروائی اور دستوں کے درمیان مزید ہماہنگی کے لیے انجام پا رہی ہیں۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok

انہوں نے علاقے کو دہشت گردی سے محفوظ اور مستحکم بنانے کو ان مشقوں کا دوسرا ہدف قرار دیا۔
قابل ذکر ہے کہ سہند دوہزار پچیس انسداد دہشت گردی مشقیں ایران میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی کمانڈو فورس کی قیادت میں انجام پا رہی ہیں۔
ان مشقوں میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن دس ملکوں کے فوجیوں نے شرکت کی ہے۔

 

ٹیگس