نواز شریف کی غیر موجودگی میں پاکستان کی اعلی فوجی اور سول قیادت کا اجلاس
پاکستان کی اعلی سول اور فوجی قیادت نے ہر صورت میں قومی مفادات کے تحفظ کا عزم ظاہر کیا ہے۔
وزیراعظم نواز شریف کی غیر موجودگی میں فوجی ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں ہونے والے اس اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دشمن کے خفیہ اداروں کو پاکستان میں حالات خراب کرنے اور گڑبڑ پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل رضوان اختر، قومی سلامتی کے مشیر ناصرخان جنجوعہ ، مشیرخارجہ سرتاج عزیز، وزیر داخلہ چوہدری نثار کے علاوہ بعض دوسرے وزرا بھی شریک تھے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق اجلاس میں پاک چین اقتصادی راہداری سمیت ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال اور خطے میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ اس اجلاس کے فورا بعد اسلام آباد میں متعین چین کے سفیر سان وی دونگ نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف ان دنوں لندن میں ہیں جہاں ان کا بائی پاس آپریشن کیا گیا ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق میاں نواز شریف رمضان ختم ہونے سے پہلے لندن سے وطن واپس پہنچ جائیں گے۔
امریکہ کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی کاشکار ، پاکستان کو،نئی دہلی اور واشنگٹن کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر سخت تشویش لاحق ہے۔