Jun ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۱:۰۶ Asia/Tehran
  • افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی پر صدر پاکستان کی تاکید

علاقے میں امن کی برقراری پاکستان سے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کی صورت میں ممکن ہو گی۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے اسلام آباد میں پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر سے گفتگو میں پاکستان سے افغان پناہ گزینوں کی جلد سے جلد واپسی کی ضرورت پر تاکید کی۔ انھوں نے کہا کہ علاقے میں قیام امن کے لئے پاکستان سے افغان پناہ گزینوں کی واپسی کی ضرورت ہے اور عالمی برادری کو چاہئے کہ اس مقصد کے حصول میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرے۔

اس ملاقات میں پناہ گزینوں کے امور میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر فلیپو گرینڈی نے بھی کہا کہ پناہ گزینوں کو واپس ان کے وطن پہنچانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ اس سے قبل پاکستان کے وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک اب افغان پناہ گزینوں کی میزبانی نہیں کرے گا۔ انھوں نے افغان پناہ گزینوں سے اپیل کی کہ وہ واپس اپنے وطن چلے جائیں۔

حکومت پاکستان نے سرحد پر کشیدگی کے نتیجے میں اسلام آباد اور کابل کے تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد پاکستان سے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

ٹیگس