Jun ۲۹, ۲۰۱۶ ۲۱:۲۳ Asia/Tehran
  • پاکستان میں افغان مہاجرین کی رہائش کی مدت میں توسیع

پاکستان کے وزیراعظم نے افغان مہاجرین کی رہائش کی مدت میں توسیع کا حکم دے دیا۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے پی او آر کارڈ رکھنے والے افغان مہاجرین کو 31 دسمبر 2016 تک پاکستان میں رہنے کی اجازت دے دی ہے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ نے کہا کہ وزیراعظم نے افغان مہاجرین کیلئے واپسی اور انتظامی پالیسی کا جائزہ لینے کے بعد ہدایات جاری کی ہیں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت امور خارجہ، افغان مہاجرین کے کیمپوں کی بتدریج پاکستان سے افغانستان منتقلی کیلئے اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) اور افغانستان کی حکومت کے ساتھ رابطہ میں ہے۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کو بتایاہے کہ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین مزید چھے ماہ تک پاکستان میں رہ سکتے ہیں اس کے بعد انہیں ہرحال میں افغانستان جانا ہو گا۔

حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ سے یہ بھی کہا ہے کہ ڈیڑھ ملین رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو مرحلہ وار افغانستان واپس بھیجا جائے تاکہ یہ عمل دسمبر دو ہزار سترہ تک مکمل ہو سکے۔

ٹیگس