Jul ۱۷, ۲۰۱۶ ۲۰:۳۷ Asia/Tehran
  • پاکستان میں فوج آئی تو مٹھائیاں تقسیم ہوں گی، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں فوج آئی تو لوگ مٹھیائیاں تقسیم کریں گے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے میرپور اسلام گڑھ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ فوجیوں نے ترک حکومت گرانے کی کوشش کی تو عوام سڑکوں پرآ گئی لیکن پاکستان میں فوج آئی تو مٹھائی بانٹی جائے گی۔

انہوں نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایسا صرف اس لئے ہو گا کہ بقول ان کے پاکستان میں جمہوریت کے نام پر بادشاہت کی جا رہی ہے۔

عمران خان نے الزام لگایا کہ نواز شریف پاکستان میں بادشاہوں کی طرح زندگی گزار رہے ہیں اور صرف رائیونڈ کی سیکیورٹی کیلئے تعینات بارہ سو سے زائد پولیس اہلکاروں پر سالانہ کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ نواز شریف نے پاکستان کو گذشتہ تین سال میں چھے ہزار ارب روپے کا مقروض کر دیا ہے اورعوام کے نام پرقرضہ لے کر آف شور کمپنیاں قائم کی جاتی رہی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت عوام کی خدمت کرے تو عوام اس کا ساتھ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو فوج سےنہیں نوازشریف کی ڈکٹیٹر شپ سےخطرہ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستانی عوام کو ترک عوام کی طرح جمہوریت کو بچانا ہو گا۔

 

ٹیگس