Jul ۲۰, ۲۰۱۶ ۲۱:۰۴ Asia/Tehran
  • سات اگست سے ملک گیر تحریک چلائیں گے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف نے ایک بار پھرحکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے اور وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں پارٹی کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کرپشن کے خلاف سات اگست سے ملک گیر مظاہروں کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کی وجہ سے بیروزگاری بڑھ رہی ہے جس کے خلاف ہم اسٹریٹ موومنٹ کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریک کے ذریعے ہم عوام کو کرپشن سے متعلق شعور دیں گے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے کہا تھا کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف سپریم کورٹ میں بدعنوانی کا مقدمہ دائر کرے گی جس میں عمران خان بذات خود فریق ہوں گے۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے دعوی کیا کہ بدعنوانوں کے خلاف تحریک اب رکنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے پچیس جولائی کو قومی احتساب بیورو کے باہر بھی احتجاج کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بھی دھرنا دے چکے ہیں جو ایک سو چھبیس دن تک جاری رہا۔

ٹیگس