سندھ: قائم علی شاہ آؤٹ، مراد علی شاہ ان
-
سندھ کے وزیر اعلی، سید قائم علی شاہ
پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ان کی جگہ صوبے میں نیا وزیراعلیٰ لانے کا فیصلہ کیا ہے نئے وزیراعلی کے لیے مراد علی شاہ کا نام لیا جا رہا ہے، جبکہ پارٹی قیادت نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
دبئی میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیرصدارت پارٹی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ اجلاس میں وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کو ہٹانے سمیت سندھ کابینہ میں بھی ردوبدل کا فیصلہ کیا گیا جس پر پارٹی چیرمین بلاول بھٹو سندھ کی قیادت سے ملاقاتیں کرنے کے بعد اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ میں رینجرز کے قیام اور اختیارات کا فیصلہ بھی کر لیا گیا۔ آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو رینجرز کو اختیارات دینے کی ہدایت کردی جس کے بعد رینجرز سندھ میں ایک سال مزید قیام کرے گی اور رینجرز کے خصوصی اختیارات میں بھی 3 ماہ کی توسیع کردی جائے گی۔
واضح رہے کہ سید قائم علی شاہ آٹھ سال سے سندھ کے وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز ہیں۔ وہ تین مرتبہ اس عہدے پر رہ چکے ہیں جبکہ ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں وہ وفاقی وزیر کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
سید قائم علی شاہ آئندہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران اپنا استعفی گورنر سندھ کو پیش کر دیں گے جس کے بعد نئے وزیراعلی کے انتخاب اور رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے لیے سندھ اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں مراد علی شاہ کے وزیراعلی چنے جانے کا امکان ہے جبکہ سندھ کابینہ میں بعض تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔