کراچی میں سیکورٹی ادارے کی گاڑی پر فائرنگ، دواہلکارجاں بحق
پاکستان کے صوبہ سندھ کے صدر مقام کراچی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں دو فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ کراچی کے علاقے صدر بازار میں پارکنگ پلازہ کے قریب پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر سوار مسلح دہشت گردوں نے فوج کی ایک گاڑی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں مذکورہ گاڑی میں سواردو فوجی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔
دوسری طرف کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا ہے جبکہ گاڑی سے فنگر پرنٹس لیے جارہے ہیں۔
انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب کے مطابق فائرنگ میں نائن ایم ایم پستول استعمال کیاگیا۔
پاکستان کے صدر اوروزیراعظم نے کراچی میں فوجی گاڑی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا عزم متزلزل نہیں ہوگا۔