Jul ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۲ Asia/Tehran
  • پاکستان: لاڑکانہ میں نیم فوجی دستے کی چیک پوسٹ پر حملہ

پاکستان کے جنوبی صوبے سندھ کے شہر لاڑکانہ میں نیم فوجی دستے کی چیک پوسٹ پر بموں سے حملہ ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے شہر لاڑکانہ کے رتو ڈیرو روڈ پر میروخان چوک کے قریب واقع رینجرز چوکی پر کئے جانے والے ان حملوں میں رینجرز کا ایک اہلکار ہلاک جبکہ پانچ اہلکاروں سمیت چودہ افراد زخمی ہو گئے۔ بعض خبروں میں کہا گیا کہ رینجرز کی چیک پوسٹ پر دو کریکر بم پھینکے گئے تاہم بعض خبروں میں بتایا گیا ہے کہ  یہ دو بم دھماکے تھے۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ ڈی آئی جی لاڑکانہ رینجرزعبداللہ شیخ نے بم دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بم سائیکل میں جبکہ دوسرا کچرے کے ڈھیر میں چھپایا گیا تھا۔

تاحال کسی شخص یا گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں اکثر و بیشتر رینجرز اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہتا ہے۔

رواں سال مارچ میں بھی نامعلوم افراد نے کراچی میں رینجرز کی دو چوکیوں کو کچھ منٹ کے وقفے سے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا تھا، تاہم ان حملوں کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

ٹیگس