پاناما لیکس معاملے میں وزیراعظم کی نا اہلی سے متعلق ریفرنس کی سماعت
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق ریفرنسز پر سماعت کے لئے مسلم لیگ نون اور پی ٹی آئی کے وفود الیکشن کمیشن پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی نا اہلی سے متعلق ریفرنسز پر سماعت کے لئے مسلم لیگ نون کی جانب سے دانیال عزیز اور طلال چوہدری نے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے نعیم الحق، یاسمین راشد اور عندلیب عباس الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے-
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی سے متعلق ریفرنس کی سماعت کے لئے الیکشن کمیشن پہنچے- اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس سڑک، الیکشن کمیشن اور عدالت کے تین آپشنز ہیں- انھوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن سے انصاف نہ ملا تو عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے اورسڑکوں پر بھی آئیں گے-
قابل ذکر ہے کہ پاناما لیکس کے معاملے میں چار سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن میں نوازشریف کی نا اہلی کی درخواستیں دائر کی ہیں-