کوئٹہ میں ہونے والے دہشت گردانہ دھماکے کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان، بہرام قاسمی نے پاکستان کے شہرکوئٹہ کے سول ہسپتال کے شعبہ حادثات کے مرکزی دروازے پر کئے جانے والے دہشت گردانہ دھماکے کی مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ کے پریس آفس کی رپورٹ کے مطابق، بہرام قاسمی نے منگل کے دن پاکستان کی حکومت، عوام اور دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کہ خطے کی بعض حکومتوں کی حمایت کے ساتھ کی جانے والی دہشت گردی اور انتہاپسندی سے نپٹنے کی نوعیت دہشت گردی اور تشدد میں شدت پیدا ہونے کا باعث ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ عالمی برادری خصوصا خطے کے تمام بیدار ضمیر اور آگاہ افراد کو دہشت گردانہ کارروائیوں کی روک تھام اور ان کے فوری خاتمے کے لئے تمام تر وسائل اور کوشش بروئے کار لانی چاہئے۔
بہرام قاسمی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا موقف یہ ہے کہ صرف دوہرے معیارات سے دور رہ کر اور عالمی ارادے کے ساتھ ہی دہشت گردی پر کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ پیر کے دن، پاکستان کے شہرکوئٹہ کے سول ہسپتال کے شعبہ حادثات کے مرکزی دروازے پر دہشت گردانہ دھماکہ ہوا تھا جس میں ترانوے افراد جاں بحق اور دسیوں زخمی ہوگئے تھے۔